سندھ میں آئی ٹی کے حوالے سے9 منصوبے لا رہے ہیں،وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کی سکھرمیں پریس کانفرنس

56

سکھر۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ سندھ کے کئی اضلاع میں تھری اور فور جی کے مسائل ہیں، سندھ میں آئی ٹی کے حوالے سے9 منصوبے لا رہے ہیں، براڈ بینڈسروس فراہم کی جائے گی جس کی لاگت 34 کروڑ دس لاکھ روپے ہے،دس لاکھ آبادی کو فائدہ ہوگا۔پیرکو سکھرکے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سکھردورے کے بعد یہ ہمارا فالواپ وزٹ ہے۔

اندرون سندھ کے متعدد اضلاع میں تھری اور فور جی کے مسائل ہیں، اس لئے سندھ میں آئی ٹی کے حوالے سے 9 منصوبے لا رہے ہیں، جن میں تین آپٹیکل فائبر اور چھ تھری جی اور فور جی کے منصوبے شامل ہیں ۔جیکب آباد میں تھری جی اور فور جی سروس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ جس کی لاگت 34 کروڑ دس لاکھ روپے ہے،اس سروس سے دس لاکھ آبادی کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان ایک ڈجیٹل ملک ہو۔

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ دسمبر سے پاکستان میں سمارٹ فون مینوں فیکچرنگ شروع کررہے ہیں۔ہمارا ویژن یہ ہے کہ ملک کے 22 کروڑ عوام کے ہاتھوں میں موبائل ہو۔ آئندہ بجیٹ میں موبائل پیکجز پر ٹیکسز کم کی جائیں گی۔انہوں نے شکارپور میں ڈاکوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اے پی سیز کی خریداری میں کرپشن کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید اہلکاروں کو 50 لاکھ اور زخمیوں کو 25 لاکھ روپے دیئے جائیں۔

پولیس سے سیاسی مداخلت ختم کی جائے،میرٹ پر سندھ پولیس میں بھرتیاں کی جائیں۔صحافیوں کے مسائل پر گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیرامین الحق نے کہا کہ ویج بورڈ پر ایم کیو ایم نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، بڑے میڈیا گروپس ملازمین کو تنخواہوں کی ادائگی یقینی بنائیں۔سندھ میں صحافیوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، ہم نے اس عمل کی مذمت کی ہے، جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی ایم کیو ایم مکمل سپورٹ کرتی ہے، صحافیوں کے ساتھ زیادتی ختم کی جائے،۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو آئی ٹی کی ٹریننگ کرائی جائے گی۔