سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر مظالم انسانی حقوق کا معاملہ ہے ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

44

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر مظالم انسانی حقوق کا معاملہ ہے ‘

قومی اسمبلی میں اس حوالے سے بات کرنا کوئی خلاف ضابطہ عمل نہیں ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں مختلف ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں چار خواتین کی شہادت پر ایوان نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے قابل تحسین ہے،کے پی کے حکومت نے سنجیدہ اقدامات لئے ہیں،ہم حکومت سے ہوں یا اپوزیشن میں جب تک خواتین کو عزت نہیں دیں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔

عورت کا ماں‘ بہن‘ بیٹی کا ہر روپ خوبصورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خبر آئی ہے کہ ایک 64 سالہ شخص نے 14 سالہ لڑکی سے شادی کی ہے۔ جے یو آئی کو وضاحت کرنی چاہیے۔ بھارت میں اس معاملے پر واویلا اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بھی ظلم ہوگا وہ ظلم ہے ، یہ بات درست نہیں ہے کہ سندھ میں ہونے ظلم پر یہاں بات نہیں کی جاسکتی۔ سندھ میں اپوزیشن لیڈر پر ظلم ہو رہا ہے۔ وہاں جیل میں ان پر سانپ چھوڑے جارہے ہیں، یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے ہمیں اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ ہم سب کو ایک دوسرے سے اختلاف ہو سکتا ہے مگر یہ نہیں ہو سکتا کہ مخالفوں کو جیل میں ڈال دیں۔