حیدرآباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ سندھ میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں صورتحال ابتر ہے، بلاول بھٹو زرداری کو اپنے صوبے کی کوئی فکر نہیں، پنجاب میں آج ہر شہری دس لاکھ روپے تک مفت علاج کرواسکتا ہے، ہماری عوامی رابطہ مہم کا مقصد یہ ہے کہ ہم سندھ کے گلی گلی، گاؤں گاؤں اور شہر شہر جائیں اور سندھ کے لوگوں کو اپنے منشور اور پروگرام سے آگاہ کریں، ہم سارے صوبے میں جاکر پارٹی کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، ہم جہاں بھی گئے لوگوں نے گرمجوشی سے استقبال کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں "سندھ حقوق مارچ” کے تحت منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے شاہ محمود قریشی کے ساتھ پہلے بھی سفر کیا ہے ، ان کی ایک بات بہت پسند آئی ہے کہ جہاں بھی انہیں لوگ نظر آئیں چاہے وہ تعداد میں زیادہ ہوں یا تھوڑے، انہوں نے ہر ایک کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے اور ہر ایک کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 30 ہزار کے پیکیج والا رانگ مارچ نہیں کیا، ہمارے سب پروگراموں کے انتظامات ورکرز نے کئے، میں پی ٹی آئی کے ورکرز اور عمران خان کے ٹائیگرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ زرداری مافیا سندھ میں کیا کرتی ہے، کیسے انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ہمیں پتہ ہے نوابشاہ میں کیا ہوا، وہاں ایک ایس ایچ او بھی شہید کیا گیا، لیکن ہیومن رائیٹس کمیٹی کی طرف سے وہاں کوئی نہیں گیا۔ سندھ اسمبلی میں انسانی حقوق کی کمیٹی کا چیئرمین بلاول زرداری ہے، وہ نہ نوابشاہ گئے، نہ فہمیدہ سیال کے پاس گئے، نہ ام رباب کے پاس اور نہ ہی ناظم جوکھیو کے پاس گئے، اپنے صوبے میں 15 سال نہ انہوں نے لوگوں کو تعلیم دی نہ صاف پانی، یہاں کے لوگوں کو ہسپتال دیئے نہ بیسک ہیلتھ یونٹ دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں آر ایچ یوز میں بلاول ہاؤس کے گھریلو جانوروں کو بھی علاج کے لئے نہیں بھیجے جائیں گے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ وہاں سے سندھ کے لوگ اپنا علاج کروائیں، جبکہ پنجاب میں آج ہر شہری کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہے، وہ دس لاکھ روپے تک مفت علاج کرواسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے عمران خان نے لگایا ہے تو میں سندھ میں 2023ع میں تحریک انصاف کی حکومت بناکے دکھاؤں گا۔ انہوں نے حیدرآباد کے شہریوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ اگر ہم خود کو بدلیں گے تب ہی تبدیلی آئے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم۔کے معاون خصوصی برائے سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہے کیونکہ اب کوئی بھی ہم سے "ڈو مور’ کا مطالبہ نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اب رانگ مارچ کر کے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں۔