26.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںسندھ میں سیلاب زدہ علاقوں کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے...

سندھ میں سیلاب زدہ علاقوں کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے صوبائی حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، وزیراعظم

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب زدہ علاقوں کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے صوبائی حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین سیلاب کو فی خاندان 25 ہزار روپے کی ادائیگی کیلئے 38 ارب روپے مختص کئے ہیں، ادائیگیوں کا عمل شروع ہو چکا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہئے، کچھ عناصر اس صورتحال میں بھی سیاست کی کوشش کر رہے ہیں، صاحب حیثیت طبقات آگے بڑھیں اور اپنے مصیبت زدہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو سندھ کے ضلع سجاول کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے ہر طرف پانی پھیلا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کیلئے جامع کاوشیں کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں بحالی اور امدادی کاموں کیلئے صوبائی حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے جبکہ ملک بھر میں متاثرین سیلاب کی مالی اعانت کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہر متاثرہ خاندان کی مدد کیلئے 25 ہزار روپے فی خاندان معاونت فراہم کی جا رہی ہے جس کیلئے 38 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو ادائیگیوں کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواج پاکستان اور دیگر ادارے احسن انداز میں کام کر رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو عارضی رہائشیں اور دیگر سہولتوں کی فراہمی اچھے انداز میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر یہاں موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی بجلی کے نظام کی بحالی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ سندھ میں امدادی اور بحالی کیلئے سندھ حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، باقی صوبوں میں بھی گرانٹ دی جائیں گی تاکہ بحالی کے کام کو مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر بحالی کے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سروے کی تکمیل کے بعد طے کیا جائے گا کہ بحالی کی سرگرمیوں میں وفاق اور صوبوں کی کیا حکمت عملی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہمیں اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہئے اور اس کا رحم طلب کرنا چاہئے، ہم سب مل کر اور سیاست سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کریں گے تو اللہ تعالیٰ کا کرم شامل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر ان حالات میں بھی سیاست کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہمارا معاہدہ ہونے کے باوجود افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ کل آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سیاست سے پاکستان کو خدانخواستہ ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسی سیاست نہیں دیکھی، پاکستان کے مفادات کو قربان کر کے اپنی سیاست کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اس سے بڑی ظلم اور زیادتی نہیں ہوسکتی۔ اپنی سیاست کیلئے ملک کے مفادات پر سیاست کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اس سے بڑی اور کوئی سازشت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ، ہمیں اللہ تعالیٰ سے ڈرنا چاہئے اور اس کا رحم طلب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو رب ذوالجلال کے سامنے جھکنا چاہئے اور اس سے معافی مانگ کر اس ملک کے عوام کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے عوام، افواج پاکستان ، صوبوں کی انتظامیہ ، پولیس ، دیگر محکموں سمیت ہر فرد کو مل کر مشکل کی اس گھڑی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں نے کل بھی عوام سے اپیل کی تھی اور آج پھر صاحب حیثیت افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ جن پنجاب، سندھ ، کے پی کے، بلوچستان سمیت پورے ملک کے صاحب ثروت افراد اور صنعتکار شامل ہیں، وہ آگے بڑھیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ خدا نے ان کو دولت سے مالا مال کیا ہے وہ آگے بڑھیں اور دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام لیں۔ انہوں نے سجاول کی انتظامیہ اور پاک بحریہ کے دستوں کی جانب سے متاثرین سیلاب کی مدد اور ریسکیو کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں دن رات امدادی اور بحالی کے کاموں میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل سوات، کالام اور دیر وغیرہ میں بارشی ریلے سے تباہی ہوئی، ہوٹل گر گئے، کئی درجنوں جانیں چلی گئیں، بے پناہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان پورے ملک میں لوگوں کی مدد کررہی ہے، کے پی کے کی انتظامیہ متاثرین کی مدد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلا آگے بڑھ رہا ہے جس کی نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلا آگے بڑھ رہا ہے، ہمیں نوشہرہ میں بھرپور طریقہ سے چستی دکھانی ہوگی تاکہ نقصان کم سے کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے سے منڈا ڈیم میں بھی تباہی مچی ہے وہاں پر تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنا فضل اور رحم کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم سب مل کر اپنی تمام قوتوں کو مجتمع کریں تو اس مشکل کی گھڑی میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی وناصر ہو ، پاکستان کے عوام کی خیر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس چیلنج سے نکل کر ان شا اللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324078

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں