اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ سندھ کی ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے۔سندھ میں نفرت کی سیاست کے بیج بوئے گئے اور لسانیت اور فرقہ واریت کو ہوا دی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری سندھ میں گزشتہ پندرہ سالوں سے قائم اپنی حکومت کا حساب دیں ۔
حقوقِ سندھ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کی پیپلز پارٹی بینظیر والی پارٹی نہیں ہے آج کی پیپلز پارٹی پر آصف علی زرداری کا قبضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔
بلاول بھٹو عمران خان سے ساڑھے تین سال کی حکومت کا حساب مانگ رہے ہیں میں آج سندھ میں آ کر بلاول بھٹو سے پچھلے 15 سال کا حساب مانگتا ہوں کیونکہ پچھلے پندرہ سال سے پاکستان پیپلز پارٹی کی بلا شرکت حکومت ہے وہ بتائیں کہ انہوں نے پچھلے پندرہ سالوں میں سندھ کی عوام کیلئے کیا کیا؟کراچی میں کچرا کون اٹھائے گا کون نالوں کی صفائی کرے گا۔انہوں نے حقوقِ سندھ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سندھ کے ہر بچے اور مزدور کو صحت سہولت کارڈ دینا چاہتے ہیں۔
میں سندھ کے واسیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ایک نئی سمت کا تعین کرتے ہوئے عمران خان کے قافلے میں شامل ہوں اور سندھ کی تاریخ کو بدلیں۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے ہی دن بھارت نے تین سال پہلے جارحیت کی کوشش کی جس کاہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔