سندھ میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 60 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے ، مراد علی شاہ

48

کراچی۔12 جولائی(اے پی پی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 48 مریض انتقال کرگئے،انتقال کرنے والوں کی تعداد 1796 ہوگئی ہے، 10 ہزار 276 ٹیسٹ کئے ہیں جس میں 1713نئے کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 1519مریض صحت یاب ہوگئے ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 60 ہزار 958 ہوگئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جاری پیغام میں کیا ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک 5 لاکھ 74 ہزار 767 ٹیسٹ کئے ہیں جس میں 1 لاکھ 5 ہزار 533 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ میں کورونا سے متاثرہ 42 ہزار 780 مریض زیر علاج ہیں جس میں 41 ہزار 179 گھروں ، 400 آئسولیشن سینٹرز جبکہ 1201مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 743 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، 112 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبہ میں نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے 715 کا تعلق کراچی سے ہے جس میں ضلع جنوبی کے 325، شرقی 143 ، وسطی 78 ، ملیر 73، کورنگی 66 اور ضلع غربی کراچی کے 30 کیسزشامل ہیں ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نے صوبہ کے دیگر اضلاع کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خیرپور میں 172، لاڑکانہ میں 62، شکارپور میں 59 ،مٹیاری میں 55 ،میرپورخاص میں 46، گھوٹکی میں 41 ،سانگھڑ میں 35 ، دادو اور قمبر میں 32-32، ٹنڈو محمد خان میں 31 ،ٹھٹھہ میں 27 ،جامشورو میں 26، حیدرآباد میں 24، ٹنڈوالہیار میں 21 ،جیکب آباد میں 19 ، بدین میں 18، کشمور میں 14، عمرکوٹ میں 11 ،شہید بینظیرآباد میں 10 ،سکھر اور نوشہروفیروز میں 7-7 اور سجاول میں 2 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ خود کو اور دوسروں کو کورونا وائرس سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے بچنا تب ممکن ہے جب ایس او پیز پر عمل کرینگے۔