سندھ میں 13 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت کے باوجود سب سے زیادہ غربت اور بے روزگاری ہے، وزیر مملکت فرخ حبیب

105
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا اقوام متحدہ امن مشن کے تحت میں وسطی افریقہ میں تعیناتی کے دوران شہید ہونے والے حوالدار محمد شفیق کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 13سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے اسکے باوجود سندھ میں سب سے زیادہ غربت اور بے روزگاری ہے، سندھ کے عوام کوگرانفروش اور ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے،

منافع بخش سٹیل مل لوٹنے والے زرداری اور اسکے حواری ہی ہیں، سٹیل مل کو اس بے رحمی سے لوٹا گیا کہ دوبارہ یہ ادارہ اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکا، ماضی میں پی ٹی وی اور دیگر اداروں میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، 2017میں 45 کروڑ خسارے میں چلنے والا پی ٹی وی آج ایک ارب 30 کروڑ منافع پر چل رہا ہے،بھٹو سے لیکر زرداری تک روٹی،کپڑا مکان نعرے کی حد تک تھا،

وزیراعظم نے حقیقی معنوں میں غریب،بے سہار اور مستحقین کے لئے احساس پروگرام، چھت سے محروم لوگوں کے لئے چھت فراہمی کو یقینی بنایا، سندھ حکومت نے احساس راشن پروگرام میں کوئی حصہ نہیں ڈالا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صرف 70ارب تھا ، ہماری حکومت نے احساس پروگرام کے لئے 260ارب مختص کیے ہیں۔

جمعہ کو بلاول زرداری کے خطاب پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج بھی سندھ میں آٹا،گندم ، چینی سمیت کھانے پینے کی ہر چیز سب سے مہنگی فروخت ہورہی ہے، گرانفروش مافیا کی پشت پناہی کی جارہی ہے،پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا 11سو روپے میں فروخت ہورہا ہے،پیپلز پارٹی کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1500روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران سندھ کی اربوں کی گندم کھا گئے،معاملہ سامنے آیا تو کہا گیا کہ 14ارب کی گندم چوہے کھا گئے، نالوں کی صفائی،گرین لائن، کے فور، دیہی علاقوں کی ترقی سمیت ہر بڑے منصوبے پر وفاق کام کرتانظر آتا ہے، سندھ حکومت کس کام کی ہے، بلاول زرداری کو مشورہ ہے کہ وہ سندھ حکومت پر توجہ دیں تا کہ سندھ کے عوام کو سکون کا سانس مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول تنقید برائے تنقید کے علاوہ بھی کوئی کام جانتے ہیں تو بتائیں، انھیں تو تقریر لکھ کر یاد کرائی جاتی ہے،اپنی پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے آج پیپلز پارٹی سکڑ کر علاقائی پارٹی بن چکی ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ تعمیرات، آبی ذخائر سمیت ہر شعبے میں نوکریوں کے لاکھوں مواقع پیدا کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئے گی کرپشن کی بہاریں لائے گی، زرداری اینڈ کمپنی کا یہ ہی منشور ہے،

وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے آج زرداری سمیت تمام کرپٹ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں، ان لوگوں کا ایک ہی ایجنڈا اور خواہش ہے کہ کسی طرح کرپشن کے تمام کیسز ختم ہوجائیں اور انھیں این آر او دے دیا جائے،عوام جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی معاشی ترقی کی بجائے ذاتی ترقی کو ترجیح دیتی ہے،ان کی سیاست جعلی اکاؤنٹس،منی لانڈرنگ اور کرپشن سے شروع اور اسی پر ختم ہوتی ہے۔