حیدرآباد۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے لئے سیاسیات اور مسلم ہسٹری کے لیکچرار (بی پی ایس۔17) کی پوسٹوں کیلئے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ پوسٹوں کے تحریری امتحان کے نتائج 8 جولائی کو جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد اکتوبر 2024 میں انٹرویوز منعقد ہوئے۔
کامیاب امیدواروں کو قابلیت کی بنیاد پر تقرری کے لئے موزوں قرار دیا گیا ہے، جن کے نام SPSC کی ویب سائٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ سیاسیات کے عہدے کے لیے 21 مرد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جن کے تحریری اور انٹرویو میں حاصل کردہ نمبرات اور ڈومیسائل (شہری اور دیہی) کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ خاص طور پر معذور اور اقلیتی امیدواروں کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا تھا، جو بھرتی کے عمل میں شامل کیا گیا تھا۔ خواتین امیدواروں میں سے 13 کو سیاسیات کے لیکچرار کے عہدے کے لئے سفارش کی گئی ہے۔ مسلم ہسٹری میں 16 مرد اور 10 خواتین امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں، جن کے مارکس اور ڈومیسائل کی تفصیلات نتائج کی فہرست میں شامل ہیں۔