سندھ پبلک سروس کمیشن کا محکمہ تعلیم اور داخلہ میں آسامیوں کے حتمی نتائج کا اعلان

5

حیدرآباد۔ 15 جون (اے پی پی):سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے محکمہ تعلیم میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ فزکس اور محکمہ داخلہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (بم ڈسپوزل کیڈر) کی آسامیوں کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سبجیکٹ اسپیشلسٹ فزکس کے لیے 92 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، جن میں 58 مرد اور 34 خواتین شامل ہیں۔

دوسری جانب بم ڈسپوزل کیڈر کے لیے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی آسامیوں پر 9 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ایس پی ایس سی کی جانب سے مذکورہ آسامیوں کے لیے پہلے اشتہار جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت سبجیکٹ اسپیشلسٹ فزکس کے لیے 2,306 امیدواروں اور بم ڈسپوزل کیڈر کے لیے 5,300 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں تھیں۔ ان آسامیوں کے لیے تحریری امتحانات فروری 2025 میں منعقد کیے گئے تھے، جن کے نتائج اپریل 2025 میں جاری کیے گئے جب کہ زبان امتحانات (انٹرویوز) مئی اور جون میں مکمل کیے گئے۔

ایس پی ایس سی نے متعلقہ محکموں کو خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے سفارشات ارسال کر دی ہیں۔ نتائج میں شہری و دیہی کوٹے سمیت آئینی تقاضوں پر مکمل عمل درآمد کیا گیا ہے۔ کامیاب امیدواروں کی تفصیلات کے ساتھ مکمل فہرست کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امیدواروں کے حاصل کردہ نمبروں کی تفصیل بھی ویب سائٹ پر فراہم کر دی گئی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔