سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ایس ایس ٹی کے منسوخ کیے گئے امتحان دوبارہ لینے کا فیصلہ

279
سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ایس ایس ٹی کے منسوخ کیے گئے امتحان دوبارہ لینے کا فیصلہ

حیدرآباد۔ 03 اپریل (اے پی پی):سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ایس ایس ٹی کے منسوخ کئے گئے امتحانات دوبارہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شیڈول 23 اپریل 2024 ء سے جاری کیا جائے گا۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق سکول ایجوکیشن اورلٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں ملتوی کئے گئے سیکنڈری سکول ٹیچر (بی پی ایس – 16)کے امتحان کا شیڈول 23 اپریل 2024 ء سے جاری کیا جائے گا۔

طے کردہ شیڈول میں کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں لیکچرار (بی پی ایس -17)، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں اے ایس آئی (بی پی ایس -9 ) بھی شامل کیا گیا ہے۔ طے کردہ امتحانی شیڈول 23 اپریل 2024 ء سے شروع ہوگا اور 7 مئی تک جاری رہے گا۔

امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز اور سینٹر وائز تفصیلی شیڈول جلد جاری کیا جائیگا۔ ایس ایس ٹی (بی پی ایس- 16) کا تحریری امتحان 15 سے 20 فروری تک جاری رہاجس میں 4 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی تھی جبکہ 20 فروری کو امتحانی پرچہ سوشل میڈیا کے ذریعے ظاہر ہونے والے معاملے کی وجہ سے متنازعہ ہوگیا

اور اس طرح کے عمل کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن کے حکام نے شفافیت ، میرٹ، احتساب کے عزم کو برقرار رکھنے کے لئے سیکنڈری سکول ٹیچر (بی پی ایس -16 ) (جنرل اور سائنس کیٹیگری) کے تمام پرچے اتفاق رائے سے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ سکول ایجوکیشن میں ہیڈماسٹر(بی پی ایس -17 )، انکوائریز اور اینٹی کرپشن میں اسسٹنٹ (بی پی ایس -16 ) کا شیڈول معمول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز پر یہ بات بھی یقینی بنائی گئی تھی کہ سیکنڈری سکول ٹیچر (بی پی ایس -16 ) ( جنرل اور سائنس کیٹیگری ) کا ٹیسٹ ماہ اپریل میں دوبارہ منعقد ہو گا جبکہ امیدواروں کو بھرپور تیاری رجاری رکھنے کا بھی مشورہ دیاگیاتھا۔

پرچہ آئوٹ ہونے والے معاملے کی وجہ سے تمام پرچے منسوخ کرکے معاملہ محکمہ پولیس کو بھیجا گیا جس کی مکمل تحقیقات کے بعدحاصل کئے گئے شواہد کی بنیاد پر ملوث اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر کی شروعات کی گئی۔ علاوہ ازیں سندھ پبلک سروس کمیشن کے اعلیٰ حکام کی ہدایات پرسندھ پبلک سروس کمیشن کے کنٹرولر امتحانات عبدالحفیظ لغاری کی جانب سے ملوث مجرموں کے خلاف درج ایف آئی آر کے تحت کارروائی بھی کی گئی ہے۔