حیدرآباد۔ 12 جون (اے پی پی):سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے محکمہ تعلیم میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ زولوجی(بی پی ایس17) کے حتمی نتائج جاری کر دیئے گئے، محکمہ صحت میں میڈیکل آفیسر (بی پی ایس 17) کے تحریری امتحانی نتائج میں مجموعی طورپر 1673 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ ایس پی ایس سی کی جانب سے محکمہ صحت میں میڈیکل آفیسر کی خالی آسامیوں کی تشہیر اشتہار نمبر 4/2025 کے ذریعے کی گئی جس میں مطلوبہ تعلیم کے حامل امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ بعدازاں رواں سال مئی میں تحریری امتحان کا انعقاد ہوا جس کے نتائج جاری کرکے امیدواروں کو کاغذات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مذکورہ 1673 جنرل میرٹ کیلئے 1564 امیدوار، مخصوص کوٹہ برائے معذورین کیلئے 12 جبکہ اقلیتوں کے 97امیدواروں کامیاب قرار پائے ہیں۔دوسری جانب سبجیکٹ اسپیشلسٹ (بی پی ایس17) ذولوجی مضمون میں کامیاب امیدواروں کی تقرری کے لیے سفارشیں ارسال کردی گئی ہیں۔مزید برآں ایس پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں سندھ میں رائج تمام آئینی تقاضوں پر مکمل طور عمل کیا گیا ہے۔کامیاب امیدواروں کی فہرست اور دیگر تفصیلات ایس پی ایس سی کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔