سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا بچوں کے عالمی دن کے موقع پر بچوں کی اسمبلی کا انعقاد

102

لاڑکانہ۔20نومبر (اے پی پی):لاڑکانہ میں سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر بیگم نصرت بھٹو میموریل ہال میں بچوں کی اسمبلی کا انعقاد کیاگیا، جس میں لاڑکانہ کے مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلباءاور طالبات نے سندھی ،اردو اور انگریزی میں تقریریں کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جب کہ دیگر مہمانوں میں سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ لاڑکانہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر مختیار احمد سائمن، طیب کوریجو، توحید اللہ کلہوڑو، امتیاز جوکھیو اور دیگر شامل تھے۔ سویٹ ہوم لاڑکانہ کے انچارج علی اکبر چانڈیو، پرائیویٹ سکولز کے ڈائریکٹر عبدالمالک چانڈیو، چائلڈ رائٹس ایڈوکیسی نیٹ ورک کے کوآرڈینیٹر سید جاوید شاہ سمیت دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ڈی سی لاڑکانہ شرجیل نور چنا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر آج ہم نے لاڑکانہ میں چلڈرن اسمبلی کا قیام عمل میں لایا ہے، جس میں بچوں کو اپنی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، کیونکہ جب یہ بچے بڑے ہوں گے تو اسمبلیوں کے ممبر بھی بنیں گے۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی نے کہا کہ آج بھی بچے عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ اس معاشرے میں بچوں کو اغوا کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی تشدد کا بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بچوں کے تحفظ کے لیے جو بھی قوانین بنائے ہیں ان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے بچے آج بھی کارپوریٹ سزا، چائلڈ لیبر، کم عمری کی شادی اور تشدد کا شکار ہیں۔ اس موقع پر طلباءو طالبات اور ان کے اساتذہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ دوسری جانب تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر شرجیل نور چنا نے تقاریر کرنے والے بچوں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔