سندھ کالج گیمز، گرلز ایونٹ بی اے اے ایم کالج اور بوائز ایونٹ آدم جی کالج نے جیت لیا

95
Sindh College Games
Sindh College Games

کراچی۔ 28 جنوری (اے پی پی):سندھ کالج گیمز انٹرا ڈسٹرکٹ ایسٹ گرلز اینڈ بوائز ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا گرلز ایونٹ بی اے اے ایم پی ای سی ایچ ایس کالج اور بوائز ایونٹ آدم جی کالج نے جیت لیا۔کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گذشتہ روز چھٹے سندھ کالج گیمز 2024 کا انعقاد گورنمنٹ نیشنل کالج کے سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا۔ انٹرا ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کی آرگنائزر سعیدہ شیخ اور مہجبین سردار کے مطابق ٹورنامنٹ میں ضلع شرقی کے 13 گرلز اور 11 بوائز کالجز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

فائنل اور تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل ڈائریکٹر ایجوکیشن مصطفی کمال پٹھان اور ڈائریکٹر فنانس قاسم راجپر تھے۔ گرلز ٹورنامنٹ کا فائنل گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن اور بی اے اے ایم پی ای سی ایچ ایس کے درمیان کھیلا گیا جو بی اے اے ایم پی ای سی ایچ ایس نے 2-0 سے جیت لیا، بوائز ایونٹ کا فائنل آدم جی کالج اور سچل گوٹھ کالج کے درمیان کھیلا گیا جو دلچسپ مقابلے کے بعد آدم جی کالج نے 2-0 سے جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی مصطفی پٹھان اور قاسم راجپر نے فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔