سندھ کے تعلیمی بورڈز نے آئی بی سی سی کا نیا گریڈنگ نظام نافذ کر دیا

133
Inter Boards Coordination Commission
Inter Boards Coordination Commission

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سندھ کے تعلیمی بورڈز نے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کی جانب سے تجویز کردہ نئے گریڈنگ نظام کو باضابطہ طور پر نافذ کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کی کارکردگی کا منصفانہ اور معیاری جائزہ لینا ہے، جس سے تعلیمی نتائج کی شفافیت اور معروضیت میں بہتری آئے گی۔آئی بی سی سی کے مطابق منگل کے روز تجویز کیا گیا یہ نیا گریڈنگ نظام طلبہ کی کارکردگی کو ایک معیاری طریقے سے رپورٹ کرنے اور گریڈز دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس گریڈنگ سکیم کا مقصد زیادہ معروضی، منصفانہ اور شفاف بنانا ہے تاکہ گریڈز طلبہ کی اصل تعلیمی کامیابیوں کی درست عکاسی کریں، یہ نیا گریڈنگ سسٹم نمبروں میں غیر ضروری اضافے کو کنٹرول کرنے اور طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کے مقابلے کے کلچر کو کم کرنے کے لیے تجویز کیا گیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پہلے ہی 2025 کے سالانہ امتحانات سے اس گریڈنگ سکیم کے نفاذ کی اطلاع دے چکے ہیں اور اب سندھ حکومت نے بھی اس کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔آئی بی سی سی کے تیار کردہ اس نئے گریڈنگ سسٹم کا مقصد طلبہ کو صرف نمبروں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے مضامین کی مکمل سمجھ بوجھ پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ10 نکاتی گریڈنگ سسٹم، جو پرانے نمبروں کے بجائے نتائج کو گریڈز کی شکل میں ظاہر کرے گا، طلبہ کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا اور انہیں نہ صرف تعلیمی اعتبار سے بلکہ تنقیدی سوچ اور مسائل کے حل کی صلاحیتوں میں بھی ترقی دے گا۔

آئی بی سی سی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں سے باضابطہ درخواست کی ہے کہ وہ بھی اپنے صوبوں کے تعلیمی بورڈز میں اس نظام کو اپنائیں۔آئی بی سی سی کا خیال ہے کہ اس گریڈنگ سسٹم کا ملک بھر میں نفاذ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اعلیٰ تعلیم اور عالمی روزگار مارکیٹ کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے کا ایک مستقل فریم ورک فراہم کرے گا۔آئی بی سی سی نے تمام صوبائی تعلیمی بورڈز پر زور دیا ہے کہ وہ اس اصلاح کو حقیقت بنانے میں تعاون کریں کیونکہ یہ پاکستان کے اُس تعلیمی نظام کے ہدف کے مطابق ہے جو جدت، تخلیقی صلاحیت اور عمر بھر سیکھنے کے فروغ کو یقینی بناتا ہے۔