سندھ کے سیلاب زدگان کی بحالی ، تعمیر نو کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کام کر رہی ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ

164
سندھ کے سیلاب زدگان کی بحالی ، تعمیر نو کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کام کر رہی ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ سندھ کے سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کام کر رہی ہے، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر اس معاملے کا جائزہ لے گی جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے 100 ارب روپے کا وعدہ پورا کریں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سید غلام مصطفی شاہ کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ انہوں نے یہ بات نوٹ کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کام کر رہی ہے، یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم پھر بھی ہم صوبائی حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔ قبل ازیں سید غلام مصطفی شاہ نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ اتحادی حکومت کے شراکت دار ہیں، وزیراعظم نے سیلاب زدگان کے لئے 100 ارب روپے کا اعلان کیا تھا،

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لوگوں کی روزمرہ گزر بسر کے لئے رقم دی جاتی ہے، زیراعظم کی اعلان کردہ رقم سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے تھی، یہ وعدہ پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مسائل حل کرنے کے لئے بجٹ میں رقم مختص کی جانی چاہیے تھی ، یہ طے ہوا تھا کہ سندھ کی صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت باہمی اشتراک سے یہ مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت اپنی اتحادی جما عت کی آواز سنے گی۔