سندھ کے عوام کو جلد سکھر۔ حیدرآباد موٹر وے کی تعمیر کا تحفہ دیں گے ، وزیر مواصلات اسعد محمود

261

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے بعد روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی ، ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور نئی شاہراہوں کی تعمیر کے جائزے اور لائحہ عمل پر غور کرنے کے لئے وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود آجکل سندھ کے مختلف شہروں اور علاقوں کے دورے کر رہے ہیں ۔

وزارت مواصلات کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی وزیر مواصلات مولونا اسعد محمود نے کمشنر آفس حیدرآباد میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کی ، جس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، جے یو آئی کے صوبائی رہنما راشد سومرو ، شرجیل انعام میمن م، وفاقی سیکرٹری مواصلات و چئیرمن نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن ر محمد خرم آغا ،چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت سمیت صوبائی وزرا ، این ایچ اے و نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس اور دیگر اداروں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس میں سکھر۔ حیدرآباد موٹر وے (ایم ۔6 کی تعمیر، سندھ میں سڑکوں کی تعمیر ، مرمت و بحالی اور ان پر ٹریفک کی روانی کے حوالے سے اب تک کی جانے والی کوششوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اورقومی، صوبائی اور رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جامشورو۔سیہون روڈ کی تعمیر ایک فوری ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ سالوں میں اس پر بہت حادثات ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ سکھر ۔ حیدرآباد موٹروے کی فوری تعمیر شروع کی جائے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے وزیر اعلی سندھ کو سندھ میں شاہراتی منصوبوں کی تعمیر میں پیش رفت پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں شاہراہوں کی تعمیر کے جو منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل ہیں وہ ہماری اولین ترجیحات ہیں ۔ سندھ کی عوام کو جلد ہی سکھر۔ حیدرآباد موٹر وے کی تعمیر کا تحفہ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سیلاب نے پورے صوبے کو متاثر کیا ہے اس طرح تمام ہائی ویز کو بھی متاثر کیا ہے ۔ انڈس ہائی وے پر پانی کی سطح کم ہونے پر اسے بحال کر دیا جائے گا جس کے بعد نیشنل ہائی وے این ۔5 پر ٹریفک کا لوڈ کم ہو جائے گا ۔

یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ بھاری ٹریفک کے باعث این ایچ اے کے ماہرین تعمیرات کو نیشنل ہائی وے پر بحالی کے کام میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم انڈس ہائی وے پر مامور موٹر وے پولیس کو جوانوں کو نیشنل ہائی وے پر منتقل کر رہے ہیں۔ ہمیں وہاں سندھ پولیس کی بھی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت سندھ کا تعاون درکار ہے۔

وزیر اعلی سندھ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں وفاقی حکومت اورسندھ حکومت کا مشترکہ کوششوں کے ذریعے متاثرہ سڑکوں کو بحال کرنے اور نئی شاہراہوں کو تعمیر کرنے پر اتفاق رائے ہوا ۔ وفاقی وزیر مواصلات نے حیدرآباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی سائوتھ زون کے زیر اہتمام پودا لگا کر وہاں شجر کاری کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے پر زور دیا ۔