سندھ کے ہرتعلقہ میں نادرا دفترقائم کیا جائے گا، اسد عمر کا سوبھو دیرومیں جدید نادرا سینٹرکے افتتاح کے موقع پر خطاب

51

سکھر۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کے ہرتعلقہ میں نادرا دفترقائم کیا جائے گا، صوبہ کے مکینوں کو ان کے گھروں کے قریب نادرا دفاترکی سہولت فراہم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوضلع خیرپورکی تحصیل سوبھودیرومیں جدید نادرا سینٹرکے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی جی نادرا سکھر میجر عمران علی کھرل اور دیگرافسران موجود تھے۔جدید نادرا سینٹرتحصیل سوبھو دیروکے عوام کے لیئے حکومت کا ایک تحفہ ہے، نادرا دفتر ون-ونڈو، کیو میٹک سسٹم اور جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ عوام کی سہولت اور شناختی دستاویزات کےحصول کو آسان بنانے کے لیئے وفاقی حکومت نے عوامی مطالبہ پر نادرا کا جدید سینٹر قائم کیا ہے۔

تحصیل سوبھو دیرو میں جدید سہولیات سے مزین نادرا آفس 5 ون ونڈو کاؤنٹر پر مشتمل ہے جس میں پینے کا صاف پانی اور ایئر کنڈیشنڈ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ نئے آفس میں عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ونڈو اور کیو میٹک سسٹم کا اجرا کیا گیاہے تاکہ عوام کو شناختی دستاویزات کی بروَقت اور آسان فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔سوبھودیرو نادرا سینٹر پر روزانہ 100 سے 125 ٹوکن پراسس ہوسکیں گے۔

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کے ہرتعلقہ میں نادرا دفترقائم کیا جائے گا، سندھ کے عوام کو ان کے گھروں کے قریب نادرا دفاترکی سہولت فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آسانی کے لئے وراثت کے قانون میں آسانی پیدا کی ہے، اب وراثت کا سرٹیفکیٹ نادرا دفاتر سے آسانی سے مل سکے گا۔ اس موقع پر ڈی جی نادرا سکھر میجر عمران علی کھرل نے امید ظاہر کی کہ یہ دفتر سوبھو دیرو کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انھوں نے سوبھو دیرو دفتر میں تعینات نادرا سٹاف کو عوامی خدمت کیلئے مزید مستعدی اور ذمہ داری سے کام کرنے پر زور دیا۔