لاہور۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ(ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز)نے سنٹرل ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس (کل ) جمعرات 17 اپریل کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں طلب کر لیا۔ ایف ٹی او کے کوآرڈینیٹر سیف ارحمان نے بدھ کو یہاں میڈیا کو بتایا کہ اجلاس کا مقصد مختلف شعبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کر کے انہیں حتمی شکل دینا ہے۔ اس اہم اجلاس میں جامع سفارشات تیار کی جائیں گی جو ملک بھر میں معاشی استحکام اور ترقی میں معاون ثابت ہو سکیں۔
کاروباری رہنما، ماہرین اقتصادیات، اور تجارتی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل یہ کمیٹی اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے کہ بجٹ تجاویز زمینی حقائق کی عکاس اور پائیدار ترقی میں معاون ہوں۔ انہوں نے ٹیکس پالیسیاں بنانے میں اسٹیک ہولڈر کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ شفاف، قابل عمل اور منصفانہ بنایا جاسکے۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ یہ اقدام قومی معیشت کو مضبوط اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ایف ٹی او کے عزم کا عکاس ہے۔ امید ہے کہ اس اجلاس کی سفارشات آئندہ وفاقی بجٹ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582619