پشاور۔ 11 فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں پشاور، خیبر، مردان، بنوں اور لکی مروت کے اضلاع کے پولیس افسران و جوانوں کو دہشتگردوں ،ٹارگٹ کلرز، قتل و اقدام قتل، منشیات فروشوں، راہزنوں اور ڈکیتوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پولیس نے حالیہ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر ہونے والا دہشت گردانہ حملہ ناکام بناتے ہوئے نہایت حکمت عملی سے دو دہشت گردوں کو اسلحہ سمیت قابو کرکے گرفتار کیاتھا۔اسی طرح مردان پولیس نے سٹی سب ڈویژن میں خطرناک سنیچر اور منشیات فروش عبدالبصیر کو ایک سخت پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیاتھا جو کہ مردان کے کئی تھانوں کوسنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔
ملاکنڈ پولیس نے تھانہ ناواگئی ضلع باجوڑکی حدود میں ہونے والے ایک اندھے قتل کا 24گھنٹوں کے اندر سراغ لگا کر ملزم کو بھی گرفتار کیا تھا۔اسی طرح بنوں پولیس نے تھانہ ٹائون شپ پر ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ بغیر کسی جانی اور مالی نقصان کے پسپا کیا جبکہ چوکی فتح خیل پر رات کی تاریکی میں ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ بھی ناکام بنا یا تھا۔
دونوں حملوں میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیاتھا۔ لکی مروت پولیس نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد پر ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا اور انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر یحان عرف منتظر آشنا کو بھی جہنم واصل کرکے بہترین پیشہ ورانہ پولیسنگ کی نئی مثال قائم کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس بڑی دلیر اور بہادر فورس ہے جو انتہائی مشکل حالات میں کام کررہی ہے۔
آئی جی پی نے کہا کہ قوموں اور اداروں پر مشکل حالات آتے ہیں لیکن جو لوگ پیشہ ورانہ جذبے اور محنت سے کام کرتے ہیں وہ کبھی بھی ناکامی کا منہ نہیں دیکھتے۔ آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے حالات کو ٹھیک کرنے میں ہم سب کی بھلائی ہے اور اس کے لیے ہم سب کو ملکر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ائی جی پی نے کہا کہ جرات و بہادری میں خیبرپختونخوا پولیس کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتاجس نے ہر محاذ پر دہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ انعام یافتہ گان اسی لگن ، دلیری اور ایمانداری سے عوام الناس کی حفاظت اور ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر41پولیس افسران وجوانان کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز، انوسٹی گیشن، ٹریننگ اور ڈی آئی جی فنانس بھی اس موقع پر موجود تھے۔