اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس میں ڈیجیٹلائزیشن کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ سی ڈی این ایس کے ایک اہلکار نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ کابینہ کی جانب سے ادارہ میں اصلاحات کی منظوری کے بعد اس حوالہ سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جس کا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سی ڈی این ایس نے جاری مالی سال کے دوران نئے بانڈز کے اجراء کے ذریعے اب تک 1.515 ٹریلین روپے کی بچتیں حاصل کی ہیں جو مجموعی ہدف کا 85 فیصد ہیں، گذشتہ مالی سال کے دوران ادارہ نے 1300 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ادارہ میں اصلاحات کے عمل کے ذریعے کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، صارفین کو اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ اسلامی مالیات کو فروغ دینے کیلئے کئی اختراعی مصنوعات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔