سنٹرل ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگز نے ایک ہزار ارب روپے کی بچتوں کا ہدف عبور کر لیا

97
CDNS
CDNS

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے جاری مالی سال کے دوران ایک ہزار ارب روپے کی بچتوں کا ہدف عبور کر لیا۔ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق یکم جولائی سے لے کر 20 جنوری تک ادارے نے نئے بانڈز کے اجراء اور دیگر مصنوعات کے ذریعے مقررہ ہدف کو کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ مجموعی طور پر 1.6 ٹریلین روپے کی بچتیں حاصل کی جا چکی ہیں جو مالی سال 2022ء کے مقابلہ میں 200 ارب روپے زیادہ ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ادارے میں اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ سی ڈی این ایس کے صارفین کیلئے اے ٹی ایم کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اسلامی مالیاتی بانڈز کے ذریعے 9 جنوری تک 55 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی جا چکی ہیں۔ جاری مالی سال کیلئے اسلامی مالیاتی بانڈز کے ذریعے 75 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسلامی مالیاتی نظام کے تحت نئی مالیاتی مصنوعات بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔