اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 10.022 ارب روپے مالیت کے پانچ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 213.86 ارب روپے کے چار منصوبوں کو ایکنک بھجوانے کی سفارش بھی کی ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس جمعہ کو یہاں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اویس منظور سومرا، منصوبہ بندی کمیشن کے سینئر حکام، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر افسران جبکہ صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں زراعت، خوراک، تعلیم، توانائی، فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ، سائنس و ٹیکنالوجی، سماجی بہبود، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور آبی وسائل کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کا منصوبہ پیش کیا گیا جس پر 24.640 ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے، یہ منصوبہ منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ہے، منصوبہ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک معاونت فراہم کرے گا۔ اجلاس میں بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کی تعمیرنو و بحالی کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی، منصوبہ پر 14 ملین روپے کی لاگت آئے گی، اس منصوبہ کیلئے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔
اجلاس میں سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کی تعمیرنو و بحالی پروگرام کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا جسے منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا، اس منصوبہ پر 83.187 ارب روپے کی لاگت آئے گی، صوبائی حکومت لاگت کا 10 فیصد جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک 90 فیصد معاونت فراہم کرے گا، منصوبہ کے تحت سندھ کے 17 اضلاع میں مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے پرائمری سکولوں کی تعمیرنو اور اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے فیز ون کی سیٹلمنٹ منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی، اس پر 30.96 ارب روپے کی لاگت آئے گی، یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے ضلع باغ، ہٹیاں بالا، کوٹلی اور مظفرآباد میں بروئے کار لایا جائے گا۔
اجلاس میں ”ویمن انکلوسیو فنانس ڈویلپمنٹ پروگرام” کا منصوبہ پیش کیا گیا جس پر 31.413 ارب روپے کی لاگت آئے گی، یہ منصوبہ منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ اجلاس میں 54 کلومیٹر طویل بی ٹی روڈ ناگور شریف ٹو سنتسار کی تعمیر کے منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر 2 ارب 39 کروڑ 91 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔
اجلاس میں ”امپرومنٹ اینڈ ری کنڈیشنگ آف نوزیری لیسوا بائی پاس روڈ مظفرآباد نیلم اے جے کے” منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی جس پر 1.622 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ اجلاس میں ”سندھ بیراجز امپرومنٹ پراجیکٹ فیز ٹو” منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی جس پر 74.61 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ اجلاس میں ”پاک کوریا ٹیسٹنگ لیبارٹری فار پی وی ماڈیولز اینڈ الائیڈ ایکوپمنٹ” منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی جس پر 1.504 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔