سنچورین۔ 27 دسمبر (اے پی پی) سنچورین میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ہے۔پاکستانی بلے باز دوسری اننگز میں بھی زیادہ کامیاب نہ رہے اور پوری ٹیم 190 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔اپنی بری فارم کی وجہ سے تنقید کا شکار کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے بنا کوئی رن بنائے سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کے کامیاب ترین بلے باز شان مسعود رہے جنھوں نے دوسری اننگز میں 65 رنز بنائے۔سرفراز کے بعد آنے والے بلے بازوں میں محمد عامر 12 اور یاسر شاہ صرف پر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اولیوئر مشکلات کھڑی کرتے دکھائی دیے اور وہ اس ٹیسٹ میچ میں اب تک کل دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کرنے والے بابر اعظم دوسری اننگز میں ناکام رہے ہیں اور چھ رنز ہی بنا کر رباڈا کی خوبصورت گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔پاکستان کے آوٹ ہونے والے چوتھے بلے باز اسد شفیق تھے جو صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔ ڈیل سٹین نے انھیں پہلے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا لیکن ریویو لینے پر وہ ناٹ آوٹ قرار پائے تاہم اس سے اگلی ہی گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے۔تیسرے آوٹ ہونے والے بلے باز اظہر علی تھے جو بنا کوئی رن سکور کیے کیچ آوٹ ہوئے۔