فیصل آباد۔ 03 فروری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سرورخاں نے کہا کہ دنیا بھر میں سبزیوں کی گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دیا جا رہا ہے لہٰذا ہم بھی کچن گارڈننگ کے ذریعے اپنے گھر میں سبزیاں کاشت کرکے نہ صرف تازہ بلکہ سپرے وغیرہ کے مضر اثرات سے پاک معیاری سبزیاں ھاصل کرسکتے ہیں جبکہ سنگاپور لاہور سے چھوٹا شہراور زرعی رقبہ نہ ہونے کے باوجود سبزی، پھل اور زرعی اجناس سے متعلق اپنی ضروریات گھرو دفاتر کے صحن اور چھتوں پر کچن گارڈننگ کے ذریعے مقامی طور پر پورا کر رہا ہے۔انسٹیٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں لوگوں نے گزرگاہوں اور شاہرات کے کناروں پر سبزیاں اور پھل لگا رکھے ہیں جو خوبصورتی کے ساتھ ساتھ غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک زرعی ملک،وسیع رقبہ، موزوں ترین موسمی حالات کے ہوتے ہوئے ہم ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرکے بیج،گرم مصالحہ جات، خوردنی تیل اور زرعی اجناس درآمد کرتے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی ضروریات کا ادراک کرتے ہوئے مختلف اوقات میں فصلوں اور سبزیوں کیلئے موزوں ترین اضلاع کی نشاندہی کریں اور انہیں مخصوص مہینوں کیلئے کلسٹرقرار دیں تاکہ وہاں اگائی جانیوالی سبزی و پھل ملک کے دوسرے اضلاع میں بہتر قیمت پر دستیاب کئے جا سکیں۔ انہوں نے بتا یا کہ چین میں زرعی شعبے کو تمام حوالوں سے حکومت ریگولیٹ کرتی ہے اور عام کسان چھ کنال رقبہ سے منافع بخش کاشتکاری کر رہا ہے جس میں کم لاگت میں تیار کی جانیوالی دو ٹنلز کا ہونا انتہائی ضروری ہے لہٰذا وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں چھوٹے کاشتکارکو زراعت سے جوڑے رکھنے کیلئے انتہائی کم قیمت ٹنل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ ڈے منانے کے حوالے سے ایگری ٹورازم کے روح رواں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شہریوں کو فطرت کی خوبصورتیوں سے متعارف کروانے خصوصاً نئی نسل کو زرعی سرگرمیوں اور دیہی ثقافت سے روشناس کروانے میں اہم کردارادا کرنے پر ان کی تعریف کی۔ان کا کہنا تھاکہ قدرت نے ہمیں ہر حوالوں سے تمام فیاضیوں سے نواز رکھا ہے تاہم ہمیں چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی ان نعمتوں کا بہترین استعمال یقینی بناتے ہوئے ملک و قوم کیلئے آگے بڑھنے کا سامان پیدا کریں۔انہوں نے شہریوں کومتحرک طرز زندگی اپنانے کی راہ دکھاتے ہوئے کہا کہ حتی الوسع دیسی خوراک کا استعمال خصوصاً گھر کے صحن، چھت یا روشنی و ہوا دار جگہ پر چھوٹے برتنوں،گملوں میں لگائی جانیوالی سبزیوں کواپنے کچن کا حصہ بنائیں تو صحت مند اور طویل زندگی کے امکانات کو بڑھایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کا ہدف صحت مند اور طویل زندگی ہو توپھر زبان کے چٹخارے و مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ خوراک اور اُبلی ہوئی سبزیاں بھی پرکشش لگتی ہیں لہٰذا اپنی طرز زندگی میں تحریک پیدا کرکے جہاں تک پیدل چل سکتے ہیں چلیں اورگاڑی کا استعمال کم سے کم کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555211