سنگاپور کی انفوکام میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آئی ایم ڈی اے) اور ٹک ٹاک سنگاپور نے میڈیا کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو مائیکرو ڈراموں کی تیاری کی تربیت دینے کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کر دیا
سنگاپور اور ٹک ٹاک کا مائیکرو ڈراموں کی تیاری کے لیے تربیتی پروگرام شروع

مزید خبریں
سنگاپور۔1اکتوبر (اے پی پی):سنگاپور کی انفوکام میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آئی ایم ڈی اے) اور ٹک ٹاک سنگاپور نے میڈیا کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو مائیکرو ڈراموں کی تیاری کی تربیت دینے کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کر دیا۔شنہوا کے مطابق دونوں اداروں کے جاری بیان کے مطابق پروگرام کے تحت میڈیا پروفیشنلز کو لائیو ایکشن اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ اینیمیٹڈ فارمیٹس سمیت مائیکرو ڈرامے بنانے کے لیے ضروری مہارتیں اور آلات فراہم کیے جائیں گے۔تربیتی پروگرام کے شرکا 50 سے 100 اقساط پر مشتمل ڈرامے تیار کرنے کی تربیت حاصل کریں گے، جن میں ہر قسط کا دورانیہ ایک سے تین منٹ ہوگا۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں 20 کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے میڈیا پروفیشنلز شامل ہوں گے جبکہ مستقبل میں اس پروگرام کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔چھ سے نو ماہ کے دوران شرکا ٹک ٹاک اور اس کے شراکت داروں کی جانب سے منعقد کیے جانے والے تربیتی سیشنز، ورکشاپس اور ماسٹر کلاسز میں شرکت کریں گے۔ تربیت میں کہانی بیان کرنے کی تکنیک، ناظرین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے تجسس پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔بیان کے مطابق سنگاپور میں 15 سال اور اس سے زائد عمر کے تقریباً 87 فیصد افراد ہر ہفتے ٹک ٹاک، انسٹاگرام، یوٹیوب اور فیس بک سمیت بڑے سوشل ویڈیو پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہیں جبکہ مختصر ویڈیوز ناظرین کی توجہ اور آن لائن سرگرمیوں میں تیزی سے اہم حصہ بنتی جا رہی ہیں۔







