تھانہ سنگجانی کے علاقے میں زیرِ حراست ملزم کو چھڑوانے کے لیے اس کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی ، جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے میں ساتھیوں کی گولی لگنے سے بین الصوبائی موٹر سائیکل و کار چور گینگ کا ملزم جنید اشرف زخمی ہوگیا، پولیس نے زخمی حالت میں اسے دوبارہ گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔
سنگجانی میں زیرِ حراست ملزم کو چھڑوانے کے لیے مسلح ساتھیوں کی پولیس ٹیم پر فائرنگ، ملزم زخمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):تھانہ سنگجانی کے علاقے میں زیرِ حراست ملزم کو چھڑوانے کے لیے اس کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی ، جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے میں ساتھیوں کی گولی لگنے سے بین الصوبائی موٹر سائیکل و کار چور گینگ کا ملزم جنید اشرف زخمی ہوگیا، پولیس نے زخمی حالت میں اسے دوبارہ گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ سنگجانی پولیس ٹیم زیرِ حراست ملزم جنید اشرف کی نشاندہی پر مالِ مسروقہ موٹر سائیکلوں کی برآمدگی کے لیے جنگل ایریا میں واقع زیرِ تعمیر کمروں میں گئی، جہاں ملزم کی نشاندہی پر دو موٹر سائیکلیں اور موٹر سائیکلوں کے پارٹس برآمد کیے گئے۔اسی دوران جنگل میں چھپے ملزم کے چار مسلح ساتھیوں نے اسے پولیس حراست سے چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی جبکہ زیرِ حراست ملزم نے بھی فائرنگ کی آڑ میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم جنید اشرف زخمی ہوگیا۔پولیس ٹیم نے زخمی ملزم کو دوربارہ گرفتار کر کے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ترجمان کے مطابق زخمی ملزم جنید اشرف راہزنی، چوری، موٹر سائیکل اور کار چوری کے 50 سے زائد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور راولپنڈی و اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزم کے قبضے اور نشاندہی پر دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور پارٹس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔پولیس نے فرار ہونے والے چار مسلح ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔







