سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے اینٹی کرائم سپیشلائزڈ یونٹ وقت کی اہم ضرورت ہے، آئی جی پنجاب

86

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔آئی جی پنجاب نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی ) کے اغراض و مقاصد، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں تمام پولیس مختلف ریجنز، اضلاع، یونٹس اور سی سی ڈی کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے کا عزم کیاگیا،آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے اینٹی کرائم سپیشلائزڈ یونٹ وقت کی اہم ضرورت ہے، لا اینڈ آرڈر،کرائم کنٹرول ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہے، سی سی ڈی اضافی سپورٹ فراہم کرے گا،پنجاب پولیس کے تمام یونٹس سی سی ڈی کے ساتھ مل کر پوری قوت سے جرائم کا خاتمہ یقینی بنائیں گے، سی ٹی ڈی کی طرح کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب پولیس کا کامیاب اور مضبوط ونگ ثابت ہو گا، امن کے قیام، جرائم کی سرکوبی کے لئے ڈسٹرکٹ پولیس اور سی سی ڈی ایک دوسرے کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔

ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہاہے کہ کرائم فائٹر پولیس افسران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا حصہ، آرگنائزڈ کرائم کی سرکوبی مشن ہے،ضلعی پولیس افسران اہم کیسز کو سی سی ڈی کو ٹرانسفر کر سکیں گے، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا احتساب اور ویجیلنس کا نظام انتہائی تیز، موثر اور شفاف ترین ہو گا۔ڈی آئی جی ویجیلنس اینڈ انٹرنل اکائونٹیبلٹی (سی سی ڈی)تمام ایس او پیز کے نفاذ کے ذمہ دار ہوں گے، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے لئے ریجنل اور ڈسٹرکٹ افسران کے نام فائنل، لیگل فریم ورک کے بعد جلد نوٹیفیکیشن جاری ہو گا۔