سوئٹرزلینڈ اور اٹلی کا ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایک بار پھر سے اپنی سرحد کا تعین کرنے کا فیصلہ

94
سوئٹرزلینڈ اور اٹلی کا ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایک بار پھر سے اپنی سرحد کا تعین کرنے کا فیصلہ
سوئٹرزلینڈ اور اٹلی کا ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایک بار پھر سے اپنی سرحد کا تعین کرنے کا فیصلہ

روم۔3اکتوبر (اے پی پی):سوئٹرزلینڈ اور اٹلی نےماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں موجود گلیشیئرز پگھلنے کے باعث ایک بار پھر سے اپنی سرحد کا تعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی آر ٹی کے مطابق سوئٹزرلینڈ نے سرحد کے دوبارہ تعین کیلئے معاہدے کرنے کی منظوری دیدی ہے تاہم اٹلی کی جانب سے مئی 2023 میں مشترکہ کمیشن کی تجاویز کے باوجود اس معاملے پرابھی کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان واقع سرحد زیادہ تر گلیشیئرز، رج لائنز اور برفانی میدانوں پر مشتمل ہے تاہم ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث تیزی سے برف پگھلنے کے باعث یہ قدرتی سرحدیں تبدیل ہوتی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کو اپنی سرحدوں کے تعین کی ضرورت پیش آئی ہے۔

سوئز حکام کے مطابق دونوں ممالک نے اپنے معاشی مفادات کے پیش نظر سرحد کے دوبارہ تعین کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمیں یہ فیصلہ کرنے میں آسانی رہے کہ ان فطری علاقوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد معاہدے کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے دوران سوئٹزرلینڈ میں گلیشیئرز میں 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو 2022 میں ریکارڈ کی گئی 6 فیصد کی تاریخی کمی کے بعد دوسری سب سے بڑی کمی تھی۔