اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ ادارے کے پاس دستیاب ریکارڈ کے مطابق سوئٹزرلینڈ نے کبھی بھی کسی دور میں اس کے بنکوں میں رکھے ہوئے پاکستانیوں کے ڈالرز واپس کرنے کی حامی نہیں بھری ، اس حوالے سے بعض اخبارات اور ٹیلی ویڑن چینلز کی جانب سے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے اس کے بنکوں میں رکھے گئے پاکستانیوں کے مبینہ دو سو ارب ڈالر پاکستان کو واپس کرنے کی پیش کش پر مبنی خبریں غلط فہمی پر مبنی ہیں۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ دوہرے ٹیکسوں سے بچاو¿ کے معاہدوں کے تحت اثاثہ جات واپس نہیں لائے جا سکتے کیونکہ ان معاہدوں کا بنیادی مقصد دوہرے ٹیکسوں سے بچاو¿ اور درخواست کرنے پر معلومات کا تبادلہ ہے۔اسی طرح بعض اخبارات اور ٹیلی ویڑن چینلز نے سوئس حکام کے ساتھ گفت و شنید کے لیے جانے والے پاکستانی وفد کے ہمراہ جونیئر افسران کے بھجوائے جانے کی بات کی ہے۔