اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اسلام آباد ریجن کی گیس چوری کے خلاف چلائی جانے والی مہم فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس چوروں کی شامت آ گئی ہے۔
یہ بات سوئی ناردرن گیس کے ترجمان شاہد اکرم نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹاسک فورس کے سیکٹر جی نائن، لہترا ر روڈ، ای 11/2، جی 14 اور بنی گالا میں چھاپوں کے دوران گھریلو کنیکشن کے کمرشل استعمال میں ملوث 8 صارفین کے کنیکشن کاٹ کر بھاری جرمانے عائد کر دئیے گئے
جبکہ سبز ی منڈی کے ایک ہوٹل کو گھریلو کنیکشن استعمال کرنے پر 30 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے ۔اُدھر رائل ایونیو اور جھنگ سیداں میں قائم ہوسٹلوں پر بھی ٹاسک فورس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کنیکشن منطقہ کر کے صارفین پر گھریلو کنیکشن کے کمرشل استعمال پر جرمانے عاید کر دئیے ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹاسک فورس نے گزشتہ روز سیکٹر ای – 11 میں دو صارفین کو ڈ ائیر یکٹ کنیکشن کے ذریعے گیس چوری کرتے پکڑ لیا جن کے کنیکشن کاٹ کر ضابطے کے تحت ایف آئی آر درج کر وا دی گئی ہے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ریجن میں موجود آخری غیر قانونی کنیکشن کاٹنے تک کر یک ڈ اون جاری رہے گا۔