لاہور۔1جولائی (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس نے چارسدہ میں 8 انچ قطر اور 24 کلومیٹر طویل نئی گیس پائپ لائن کا افتتاح کر دیا ہے۔ گیس فراہمی کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے یہ پائپ لائن چارسدہ سے ٹنگی ایس ایم ایس تک بچھائی جائے گی۔یہ مجوزہ پائپ لائن گیس کی موجودہ10 ایم ایم سی ایف ڈی گنجائش کو بڑھا کر 20 ایم ایم سی ایف ڈی تک لے جائے گی،جس سے ضلع چار سدہ، خصوصا ٹنگی اور ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر اور فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
تقریبِ کے مہمانِ خصوصی سوئی ناردرن کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) ثاقب ارباب تھے۔اس موقع پر سینئر جنرل منیجر خرم ایوب خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر ثاقب ارباب نے گیس کی تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور یہ منصوبہ ہمارے فرنچائز علاقوں میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی عملی مثال ہے۔منصوبے کی تکمیل کے بعد کم پریشر جیسے دیرینہ مسائل کا خاتمہ ہو گا اور خاص طور پر سردیوں کے موسم میں صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔