اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو خسارے کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں ایئرپورٹس سے پروازیں بند کی گئی ہیں، سوات ایئرپورٹ سے پروازیں دوبارہ بحال ہو چکی ہیں، موہنجوداڑو ایئرپورٹ بھی جلد آپریشنل ہو جائے گا۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سید اللہ ابڑو، ہمایوں مہمند، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، روبینہ خالد اور دیگر کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موہنجوداڑو ایئرپورٹ 2018ء سے بند ہے، اس وقت وہاں کمرشل فلائٹس دستیاب نہیں، صرف اے ٹی آرز پروازیں چل رہی ہیں، جب یہ ایئرپورٹ آپریشنل ہو جائے گا تو پروازیں بحال ہو جائیں گی، امید ہے کہ جلد یہ ایئرپورٹ آپریشنل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائیت یا علاقائی عصبیت کی بنیاد پر کسی صوبے میں پروازیں بند کرنے پر یقین نہیں رکھتی، اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کچھ ایئرپورٹ بھی بند کئے گئے، اگر کمرشل بنیاد پر وہ فائدہ مند نہ ہوں تو پھر پروازیں چلانا مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کی بحالی کے لئے وفا قی وزیر ہوا بازی سے بات کروں گا۔