پشاور۔25ستمبر (اے پی پی):سوات مالم جبہ میں غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے پر دہشتگردانہ حملہ کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قافلے میں شامل 12 غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کر دیئے۔
گورنر نے اپنے خط میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت اور اظہار افسوس کیا، خط میں غیر ملکی سفیروں کے محفوظ رہنے پر اظہار تشکر اور قافلہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔
گورنر نے اپنے خطوط میں غیر ملکی سفیروں کو جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کرنے کا کہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سفیروں کو بہت جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کر کے صوبہ کا پرامن چہرہ دکھائیں گے، خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی اور محبت کرنیوالے لوگ ہیں،
صوبہ میں قیام امن یقینی بنانے کے ساتھ مالم جبہ واقعہ کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،غیرملکی سفیروں سمیت صوبہ کا دورہ کرنیوالے عالمی مہمانوں کو پرامن صحت افزا ء ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہوں۔