پشاور۔ 29 جون (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ سوات میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوات میں حالیہ قتل عام کے بعد انتظامیہ کی آنکھ کھلنا اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں ایک خوش آئند قدم ہے،تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان اقدامات میں دوہرا معیار اپنایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بااثر اور طاقتور افراد کے ہوٹلوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ کمزور، بے بس اور محنت کش ہوٹل مالکان کو "تجاوزات” کے نام پر روزگار سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی قانون کی عملداری مطلوب ہے تو تمام تجاوزات، خواہ وہ کسی بھی فرد یا گروہ کی ہوں، ایک ہی پیمانے پر ختم کی جائیں۔ اسی طرح دریائے سوات کے کنارے مائننگ (کان کنی) کے جو اجازت نامے دیے گئے ہیں،
خاص طور پر حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد اور پی ٹی آئی سوات کے انوسٹرز کو، ان پر بھی یکساں پالیسی لاگو ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس نہج پر نہ لایا جائے کہ وہ اپنے حق کےلیے خود میدان میں اتر آئیں۔