کوئٹہ۔ 31 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے سوراب میں فتنہ الہند سے وابستہ دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں بازار میں عورتوں اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بزدلانہ حملے میں بلوچستان کے بہادر افسر ADC ریونیو ہدایت اللہ بلیدی نے جان کا نذرانہ دے کر اپنی قوم اور ملک کے لیے لازوال قربانی دی۔
نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ ہدایت اللہ بلیدی نہ صرف ایک فرض شناس اور دیانت دار افسر تھے بلکہ بلوچ قوم کے جری سپوت بھی تھے جنہوں نے اپنی جان دے کر ثابت کیا کہ بلوچ سرزمین ظلم اور دہشتگردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان اور بلوچ قوم دونوں اس بزدلانہ دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط اور متحد صف میں کھڑی ہیں اور ان عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید ہدایت اللہ بلیدی کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603690