لاہور۔14اپریل (اے پی پی):یکم مئی کو یوم مزدور بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریوں کاا ٓغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر کی زیر سرپرستی پیر کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈز توقیر الیاس چیمہ ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مزدور ڈے پر لیبرڈیپارٹمنٹ، سوشل سکیورٹی اوروکرز ویلفیئر فنڈکے تحت کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا، سوشل سکیورٹی راشن کارڈکے تحت رجسٹرڈ ورکرز میں قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ ٹکٹس اور موٹربائیکس دی جائیں گی،نئے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور لیبر کالونیوں کا بھی افتتاح کیاجائے گا۔
صوبائی وزیر نے یکم مئی کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے تیاریوں کی ہدایت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو کم از کم اجرت کے نفاذ پر ہونے والی پیش رفت، گھریلو ملازمین کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ میں قائم شکایت سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سوشل سکیورٹی راشن کارڈ پر ہونے والے پیش رفت بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں لیگل سیل کے قیام کیلئے فوری طور پر میکانزم بنانے کی ہدایت جاری کی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ میں قائم ڈے کیئرسنٹرز پر ہونے والی پیش رفت بارے متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔ ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ راشن کارڈ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کاجائزہ لیا جائے گا، ورکرز ویلفیئر سکولوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے کیمرے نصب کئے جائیں جبکہ ٹیچرز اور دیگر عملہ بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کے فوری حل کیلئے پنجاب بھر میں کھلی کچہریاں لگائی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ورکرز کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔