سوشل میڈیا اکائونٹس کا آزادی اظہار رائے کی آڑ میں غلط استعمال کیا جاتا ہے، عظمی بخاری

144
Constitutional amendments

لاہور۔2اگست (اے پی پی):پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اکائونٹس کا آزادی اظہار رائے کی آڑ میں غلط استعمال کیا جاتا ہے، اب سوشل میڈیا اکائونٹس کا استعمال رولز اینڈ ریگولیشنز کے تحت کیا جائے گا۔ جمعہ کے روز اپنے کیس کی سماعت کے بعد لاہور ہائیکورٹ احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سوشل میڈیا اکائونٹ ریگولیٹ ہوتے ہیں، پاکستان میں بھی سوشل میڈیا اکائونٹ رولز کے مطابق ریگولیٹ ہونے چاہئیں ۔

عظمی بخاری نے کہا کہ یہاں پر تو ریاست محفوظ نہیں ہے، یہاں سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے ڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، کیپیٹل ہل پر حملہ ہوا تو ملزم کو 7 سال کی سزا دی گئی، ہمارے ملک میں کہا جاتا ہے جو مرضی ہو رہا ہے ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ آج اوورسیز انقلابی بنے ہوئے ہیں، یہ کوئی طریقہ ہے کہ پاکستان کے اداروں کو کچھ بھی کہہ لیں گے، آزادی اظہار رائے کے نام پر پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، اداروں کے سربراہان کی تصاویر لگا کرڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، رولز اور ریگولیشن کے بغیر کوئی سوشل میڈیا سائٹ نہیں چلنی چاہیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی ملک ایسے نہیں چلتا جیسے ہم پاکستان کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، بجلی بلوں پر ریلیف کے حوالے سے وفاقی حکومت پلان کر رہی ہے، اویس لغاری بتا رہے تھے وزیراعظم خود ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب 100 سے 200 یونٹ والوں کو مفت سولر پینل اور بیٹری سمیت پورا پینل دیں گی، 200 سے 500 یونٹس والے پروٹیکٹڈ صارفین کو 10 فیصد پر سولر پینل ملیں گے، 90 فیصد پیسے حکومت ادا کرے گی۔