سوشل میڈیا صارفین کا یوم دفاع و شہداء کے موقع پر 1965 کے ہیروز کو خراج تحسین پیش

162
یوم دفاع و شہداء

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):سوشل میڈیا صارفین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر 1965 کی جنگ کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے پوسٹیں شیئر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہادر پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم دفاع و شہدا ءپاکستان کے خصوصی موقع پر قوم نے پاک فوج کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔پی ٹی وی نیوز کی جانب سے بدھ کو نشر کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق ایک سوشل میڈیا صارف نے انسٹاگرام پرشیئر کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ قوم اس دن کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے قابل فخر لمحات میں سے ایک کے طور پر مناتی ہے جب ہمارے مسلح افواج نے ہماری آزادی اور وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نےکہا کہ وہ ہر سال اس دن کو مناتے ہیں اور اپنے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ ایک مقامی سکول ٹیچر نے کہا کہ ہم مختلف طریقوں سے اپنے بہادر ہیروز کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں ۔ او لیول کے ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ ہر سال 6 ستمبر کوپاک بھارت جنگ میں پاکستان کے کامیاب دفاع کے اعزاز کے لیے یوم دفاع مناتا ہوں ۔رپورٹ کے مطابق ایک سیاست دان نے کہا کہ ہمیں بطور قوم اپنے بہادر ہیروز پر فخر ہے جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دیں۔

ایک اداکار نے فیس بک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہامیرا دل ان تمام بہادر خاندانوں کے لیے دکھتا ہے جنہوں نے 6 ستمبر کو اپنے بیٹوں، بھائیوں، باپوں اور خاوندوں کو قربان کیا۔ایک ڈاکٹر نے کہاکہ آج ہم پاکستانی بہادر قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے پیارے ملک اور قوم کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک لڑکی نے پوسٹ کی کہ کوئی دوسری قوم اپنی افواج پر اتنا فخر نہیں کر سکتی جتنا پاکستان کے لوگ کرتے ہیں۔