سوشل میڈیا پر ’’آئی ایم سٹینڈ ود عمران خان‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا،وزراء کی بڑی تعداد نے بھی بھرپور حصہ لیا

130

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):سوشل میڈیا پر’’ آئی ایم سٹینڈ ود عمران خان ‘‘ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا جس میں وزراء کی ایک بڑی تعداد نے بھی بھرپور حصہ لیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ‏عمران خان ایک فرد نہیں نظریے کا نام ہے، نظریہ دو نہیں ایک پاکستان کا، نظریہ اس نظام سے چھٹکارے کا جہاں امیر کے لیے ایک قانون ہو اور غریب کے لیے دوسرا میں مراد سعید اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ میں زندگی بھر اس نظریے کی تکمیل کے لئے کاربند رہوں گا۔

وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں علی حیدر زیدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ اپنی آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وہ اسلام اور پاکستان کیلئے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ وہ وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان بچپن سے ہی ان کے ہیرو ہیں، میری جوانی میں وہ میرے لیڈر اور منٹر تھے، وہ آخری سانس تک ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔

پارلیمانی سیکرٹری قانون ملیکہ بخاری نے کہا کہ عمران خان میرے لیڈر اور فخر ہیں اور میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوں گی۔ رکن قومی اسمبلی علی اعوان ، سینیٹر عون عباس بپی اور پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بھی کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسی طرح مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی وزیراعظم عمران خان کے حق میں اپنے ٹویٹس کئے۔‏میں سید شبلی فراز جس قابل بھی ہوں آخری دم تک عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، عمران خان ہی اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی آخری آس ہے۔