سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد، فرقہ ورانہ فسادات کی سازش ہے ،سید امین الحق

76

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے عوام سے کہا ہے کہ وہ عوام مذہبی منافرت پر مبنی سوشل میڈیا پر پوسٹوں سے اجتناب کریں، ایسی کوئی بھی پوسٹ جو کسی فرقے یا مسلک کے جذبات کو بھڑکائے اس سے احتیاط کریں۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ اسلام دشمن عناصر دستاویزی فلموں اور وڈیوز کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کی سازش کررہے ہیں۔ کروڑوں روپے کے فنڈز سے بننے والی ان دستاویزی فلموں کا مقصد صرف شیعہ سنی فسادات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا سبق دیتا ہے اسی بھائی چارے کو فروغ دیں۔ انہوں نے پی ٹی اے سے کہا کہ وہ مذہبی منافرت پر مبنی مواد کو سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کو مثبت کے بجائے منفی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ سید امین الحق نے کہا کہ نفرتیں پھیلانے والے عناصر ملک و قوم اور مذہب کے دشمن ہیں۔ دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن و سکون کے ساتھ تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار ہوتی رہیں۔ انہوں نے علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے عوام بھی اپنی ذمہ داری سمجھیں، علماء اپنا کردار ادا کریں۔