سوشل میڈیا کے بے دریغ اور منفی استعمال سے گھریلو اور معاشرتی زندگی میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں، ڈاکٹر قبلہ ایاز

298
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز

اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اے پی پی) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے بے دریغ اور منفی استعمال سے گھریلو اور معاشرتی زندگی میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا کے متوازن اور مثبت استعمال کے لئے عوامی آگاہی کے حوالے سے سفارشات حکومت کو بھیجیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی ”سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ سماجی ذرائع ابلاغ کے بے دریغ استعمال سے معاشرتی، سماجی اور خاندانی مسائل پیدا ہو رہے ہیں کیونکہ لوگوں کے براہ راست رابطے کم ہو ر ہے ہیں جس سے گھر کا ماحول بھی متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل کے بڑھتے ہوئے استعمال سے بہن بھائیوں ،میاں بیوی سمیت دیگر قریبی عزیزو اقارب کی باہمی ملاقاتوں اور گفت و شنید میں کمی سے زندگی تناو¿ کا شکار ہو رہی ہے کیونکہ ایک ہی گھر میں مقیم افراد آپس میں بات چیت نہیں کر رہے ہوتے مگر وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرتی و سماجی فلاح و بہبود کے لئے لوگوں میں آگاہی پھیلانی چاہیے تاکہ خاندان اور معاشرے کے ماحول میں بہتری لائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سوشل میڈیا کے منفی اثرات ہیں تو وہیں اسکے بے شمار مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے استعمال کا بے شمار علمی فائدہ بھی ہے کیونکہ اس سے کم وقت اور محنت سے دنیا بھر سے رابطہ کر سکتے ہیں،یو ٹیوب ،ٹویٹر، واٹس ایپ ،فیس بک اور سماجی رابطہ کے دیگرذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور پیدا کرنے کے لئے مو¿ثر حکمت عملی اپنا نے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات سے بچایا جاسکے ۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ خاندان کا سربراہ اس حوالے سے نہایت اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کی بہتر تربیت کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اس حوالے سے جامع اور قابل عمل تجاویز تیار کرکے وزارت قانون وانصاف کو بھیجے گی تاکہ معاشرے کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچایا جا سکے۔