سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور انڈیپینڈنٹ لیونگ سینٹر کے باہمی اشتراک سے چیف منسٹر پیکج کے تحت معذور افراد کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کا آغاز کر دیا گیا

101

گلگت۔6مئی (اے پی پی):سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور انڈیپینڈنٹ لیونگ سینٹر (ILC) گلگت کے باہمی اشتراک سے معذور افراد کے لئے چیف منسٹر پیکج کے تحت گلگت اور سکردو ڈسٹرکٹس میں افراد باہم معذوری کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد معذور افراد کو بااختیار بنانا اور انہیں ہنر مندی کے ذریعے خود کفیل بننے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اس وقت جاری تربیتی پروگراموں میں تقریباً 200 معذور افراد حصہ لے رہے ہیں جنہیں مختلف عملی شعبہ جات جیسے پلمبنگ، الیکٹریشن، سلائی و کڑھائی، لوئر ڈویژن کلرک (LDC) اور آفس مینجمنٹ کی جدید تربیت دی جا رہی ہے۔

ان کورسز کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ شرکاء نہ صرف فنی مہارتیں حاصل کریں بلکہ مستقبل میں روزگار یا خود روزگاری کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔پروگرام میں شرکت کرنے والے بیشتر افراد کا تعلق گلگت بلتستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے ہے، جنہیں تربیت کے دوران ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ انہیں قیام و طعام کے مسائل کا سامنا نہ ہو اور وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ تربیت حاصل کر سکیں۔

سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور ILC گلگت کے نمائندوں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز مستقبل میں بھی تسلسل سے جاری رہیں گے تاکہ افراد باہم معذوری کو معاشرتی و معاشی دھارے میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں۔