سوشل کرائمز کے خاتمے کیلئے کریک ڈاون، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، بلال صدیق کمیانہ

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت ماڈل ٹاون اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں جرائم کی روک تھام،معیاری تفتیش،امن و امان کی مجموعی صورتحال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

لاہور۔12اگست (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت ماڈل ٹاون اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں جرائم کی روک تھام،معیاری تفتیش،امن و امان کی مجموعی صورتحال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے عید میلا دالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے12 ربیع الاول کے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کیلئے جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام حساس مقامات،جلوسوں کے روٹس اور اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے ایس ایس پی( آپریشنز )کو سوشل کرائمز کے خاتمے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ سوشل کرائم کیخلاف موثر اور بلاامتیاز کریک ڈاون کیا جائے۔انہوں نے ڈالا کلچر، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

سی سی پی او لاہور نے اشتہاری اور عادی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے فیلڈ افسران خود موثر نگرانی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بروقت ایف آئی آر کا اندراج ہر شہری کا حق ہے،اسے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔شہریوں کی شکایات کے ازالے میں تاخیر یا غفلت قابل قبول نہیں،جبکہ تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے سپروائزری افسران موثر نگرانی کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی( ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی( انویسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی( آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی( انویسٹی گیشن) محمد نوید اور ایس ایس پی( آپریشنز) عبداللہ احمد ، ماڈل ٹاون اور کینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز( انویسٹی گیشن) نے شرکت کی۔