سولر انرجی کی پیداوار بڑھانے کے لئے ایس ایم ای سیکٹر کو 6فیصدپررعایتی قرضے فراہم کرنا ہوں گے،صدر فیصل آباد چیمبر

170
Dr. Sajjad Arshad
Dr. Sajjad Arshad

فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ ہمیں صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ کے لئے فوری طور پر سستی بجلی و گیس کے حصول کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فیصلہ کن حکمت عملی کو اپناناہوگا ۔ انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سولر انرجی کی پیداوار بڑھانے کے لئے خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر کو 6فیصدپررعایتی قرضے دینے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں کوئلے کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں مگر ہم اِن سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے طویل المیعاد حکمت عملی وضع کرنا ہوگی جس پر بلا تعطل عمل درآمد بھی کیا جائے۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کے حوالے سےکہا کہ یہ سہولت2027تک جاری رہے گی اس لئے ہمیں یورپی یونین کو غیر روایتی اشیاکی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم 2.4ارب ڈالر کا چاول برآمد کر رہے ہیں جبکہ اس کی گنجائش 10ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے زرعی حوالے سے کہا کہ ہمیں اس شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کی طرف بڑھنا ہوگاتاکہ برانڈڈ اور خالص اشیا پوری دنیا کو برآمد کی جا سکیں۔ قائم مقام صدرچیمبرنے کہا کہ پنجاب میں بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ فیصل آباد میں بھی یہ سینٹر جلد قائم کر دیا جائے گا تاہم وہ فی الحال اس کے فوائد بارے کچھ نہیں کہہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال مکئی کی پیداوار میں 3گنا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 40فیصد بچے لحمیات میں کمی کی وجہ سے سٹنٹڈ گروتھ کا شکار ہیں لہٰذا ہمیں اس جانب بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چین نے حال میں ہی پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لئے 313اشیا پر ڈیوٹی میں کمی کی ہے جس پر رواں ماہ عملدرآمد شروع ہو جائے گا اور اس کے نتیجے میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے برانڈز کے فروغ کے لئے بڑی سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کہ فیصل آباد چیمبر کو حکومت کی طرف سے کسی قسم کی فنڈنگ یا گرانٹ نہیں ملتی اور وہ اپنے اخراجات ممبران کی فیسوں وغیرہ سے پورا کرتے ہیں۔

اس سے قبل نم پشاور کے ڈائریکٹنگ سٹاف ضیا اللہ شمس نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سے رابطوں سے اعلیٰ افسران ک و معاشی رجحانات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ آخر میں نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ ڈ اکٹر سجاد ارشد اور ضیا اللہ شمس کے درمیان شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔