سولہ دسمبر دہشت گردی کیخلاف پورے پاکستان کی آواز ایک ہونے کا دن ہے،برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا،وزیراعظم شہبازشریف

236
شہباز شریف

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 16دسمبر دہشت گردی کیخلاف پورے پاکستان کی آواز ایک ہونے کا دن ہے،برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا۔

جمعہ کو سانحہ اے پی ایس کے موقع پر اپنےٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے اے پی ایس پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی۔ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا۔

آج سانحہ اے پی ایس کے شہدا سےعقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنے کادن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے۔ یہ دن پوری دنیا کے لئے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔