سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں کے گردونواح میں پرندوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہی کے لئے عید الاضحی سے قبل خصوصی مہم کا آغاز

78
Civil Aviation Authority
Civil Aviation Authority

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں کے گردونواح میں پرندوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہی کے لئے عید الاضحی سے قبل خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق مہم کا مقصد ہوائی اڈوں کے گردونواح میں پرندوں کی ترغیب کا سبب بننے والے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں وغیرہ کو محفوظ اور سائنسی طریقوں سے تلف کرنے اور قریبی علاقوں کو صاف رکھنے سے متعلق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ پرندوں کی نقل و حمل سے ہونے والے ممکنہ فضائی حادثات سے بچا جا سکے۔ اس ضمن میں بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ اس پیغام کو عام کیا جا سکے۔ یہ اقدام پرندوں کے ہوائی جہازوں سے ٹکرانے سے ہونے والے نقصانات کے عمل کو روکنے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ ہوائی اڈوں کے منتظمین مقامی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ کرکے پرندوں اور جنگلی حیات سے ہونے والے نقصانات کے بارے اس پیغام کو کمیونٹی تک پہنچا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری سول ایوی ایشن ڈویژن/ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی حسن ناصر جامی کی زیر صدارت ہوائی اڈوں کے مینجرز کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا، جس میں تمام ہوائی اڈوں کے منتظمین اور دیگر متعلقہ شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ انہوں نے سیکرٹری ایوی ایشن کو اب تک اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے پرندوں کی نقل و حمل اور مسئلے کی سنجیدگی سے آگاہ کیا اور خاص طور پر عید الاضحی کے موقع پر اس مسئلے سے مو¿ثر طریقے سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک صفائی انتظامات کو موثر بنانے کے اقدامات سمیت ہوائی اڈوں کے گردونواح میں مقیم شہریوں میں آگاہی والے پمفلٹ تقسیم کرنے، پوسٹر آویزاں کرنے ، اور آگاہی کے پیغامات نشر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔