اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):سول سروسز اکیڈمی لاہور اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے پائیدار تعلیمی اور پیشہ ورانہ تعاون کے فریم ورک کے طور پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی لاہور فرحان عزیز خواجہ اور سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اویس منظور سمرا نے یہاں اسلام آباد میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔
سول سروس اکیڈمی لاہور کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ تعاون عوامی خدمات میں عمدگی کو فروغ دینے اور پائیدار قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے اکیڈمی کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس مفاہمت نامے سے اکیڈمی کی طرف سے پیش کیے جانے والے پری سروس اور ان سروس ٹریننگ پروگراموں کی تاثیر میں اضافہ ہوگا۔
ایم او یو کے تحت اکیڈمی اور وزارت اقتصادی منصوبہ بندی، پالیسی سازی اور ترقیاتی عمل میں علم اور مہارت کے تبادلے سمیت اہم شعبوں میں تعاون کریں گے۔ دونوں فریق شواہد پر مبنی فیصلہ سازی میں سہولت فراہم کرنے اور وسائل کے تبادلے کے علاوہ مشترکہ تحقیقی اقدامات کرنے کےلئے ٹرینی افسران کی استعداد کار میں اضافے پر کام کریں گے۔ ایم او یو کے تحت مشترکہ سیمینارز، پینل ڈسکشنز اور چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے اقتصادی زونز اور پروجیکٹ سائٹس کے دورے کو یقینی بنایا جائے گا۔