لاہور۔12فروری (اے پی پی):کلچر اینڈ ہیریٹج سوسائٹی،سول سروسز اکیڈمی کے زیر اہتمام انسانی اور ماحولیاتی تعلقات پر ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا، جس میں معروف ماہر تعمیرات،ماحولیاتی جغرافیہ دان اور تحفظاتی ماہر ڈاکٹر زہرا حسین نے خطاب کیا۔سیمینار میں 244 زیرِ تربیت افسران سمیت مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی،جن میں سابق وفاقی سیکرٹری طارق محمود،سیکرٹری آرکائیو محمد خان رانجھا، ڈی جی پیلاک بینش ساہی،ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل توقیر حیدر،جی سی یونیورسٹی سے ڈاکٹر فرزانہ، کامسیٹس یونیورسٹی سے شجیعہ اورپنجاب یونیورسٹی، شعبہ آثار قدیمہ سے ڈاکٹر حمید شامل تھے۔
ڈاکٹر زہرا حسین نے ’’ ری تھنکنگ ہیومین اینوائرمنٹ ریلیشنز ان دی اینتھروپوسین ‘‘کے موضوع پر گفتگو کی،جس میں ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی نظام کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا گیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تیزی سے بدلتے ماحولیاتی حالات کے پیش نظر ماحول کے تحفظ کی پالیسیوں میں ضروری تبدیلیاں کی جانی چاہئیں۔سیمینار میں ’’ایکوز آف دی سلک روٹس بیٹوین مائونٹینز اینڈ ڈیزرٹس‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی،جسے لاجورد نے ترتیب دیا تھا۔
اس نمائش میں ہندوکش ہمالیہ اور وسطی ایشیائی خطوں کی ثقافتی تاریخ، قدیم روایات اور تجارتی راستوں کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ادارہ اپنے افسران میں ثقافتی شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے۔حال ہی میں زیرِ تربیت افسران نے لاہور کے60 تاریخی مقامات کا دورہ کیا،جس کا مقصد ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔یہ تقریب ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی چیلنجز پر نئے زاویوں سے غور و فکر کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے،جسے شرکا نے انتہائی معلوماتی اور مفید قرار دیا۔