راولپنڈی۔29جون (اے پی پی):سول لائنز پولیس نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کی مدعیت میں جعلی وکیلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو نامزد افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق گرفتار شدگان وکلا کا یونیفارم پہن کر خود کو وکیل ظاہر کرتے تھے اور سادہ لوح سائلین کو جعلی مقدمات کے جھانسے میں ڈال کر لوٹتے تھے۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی نے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور انہیں چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور بار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔