سوچ اور افکار کی طاقت ہتھیاروں کی طاقت سے زیادہ ہے، خیالات اور افکار کی طاقت قوموں کو آگے لے کر چلتی ہے، شفقت محمود

104

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ سوچ اور افکار کی طاقت ہتھیاروں کی طاقت سے زیادہ ہے، خیالات اور افکار کی طاقت قوموں کو آگے لے کر چلتی ہے۔ وہ جمعرات کو اکادمی ادبیات پاکستان میں ”ایوان اعزاز” کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے پاکستان بھر سے آئے ہوئے شاعروں اور دانشوروں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہال آف فیمز کا تصور تو کھیلوں میں موجود تھا اور ہم یہ سنتے آ رہے تھے کہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کے ہال آف فیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا کیوں نہ ہم اپنے دانشوروں اور ادیبوں کو عزت بخشیں اور اس کیلئے ایک ہال آف فیم بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی آف لیٹرز نے اس کو آگے بڑھایا، مجھے بڑی خوشی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں دانشوروں اور ادیبوں کیلئے پہلا ہال آف فیم پاکستان میں نظر آ رہا ہے، دانشور عہد کی نشاندہی کرتے ہیں، بہادر شاہ ظفر کا دور آخری مغل بادشاہ کے دور کے حوالہ سے جانا جاتا ہے لیکن یہ دور، دور غالب کے طور پر بھی جانا جاتا ہے اور جانا جائے گا، اسی طرح پر علامہ اقبال کے دور میں بھی بہت سے لیڈرز آئے لیکن یہ دور علامہ اقبال کے دور کے طور پر جانا جاتا ہے،

اسی طرح فیض احمد فیض کا دور اور احمد فراز کا دور بھی ان شخصیات کے دور کے طور پر جانا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بڑی خوشی قسمتی ہے کہ ہمارے ہاں بہت سے نامور رائٹر اور دانشور آئے، ہم نے جو کاوش کی ہے اسے مزید بہتری کی طرف لے جایا جائے گا، سوچ کی طاقت ہتھیاروں کی طاقت سے بہت زیادہ ہے، خیالات اور افکار کی طاقت قوموں کو آگے لے کر چلتی ہے۔